حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما اور ممتاز عالم دین علامہ سید عبد الجلیل نقوی کی ساتویں برسی اور شیعہ علماءکونسل کے مرکزی رہنما ور ممتاز ماہر تعلیم و سماجی شخصیت پروفیسر خادم حسین لغار ی کی آٹھویں برسی کے موقع پر ان شخصیات کی تنظیمی، ملی، سماجی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
علامہ ساجد نقوی نے اپنے بیان میں مزید کہا: مشکل اور نامساعد حالات میں قوم و ملت کی فلاح اور ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ کے لئے علامہ سید جلیل نقوی کی جدوجہد کاملک کا ایک بڑا طبقہ معترف ہے۔ اسی طرح پروفیسر خادم حسین لغاری نہ صرف ماہر تعلیم بلکہ ایک متحرک تنظیمی، سماجی اور سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے نادار اور مستحق طلبہ کو تعلیم کی فراہمی کے لئے قابل ذکر کوششیں کیں اور رفاہی و فلاحی شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا: پروفیسر خادم حسین لغاری نے دور افتادہ علاقوں میں مساجد و مدارس کی تعمیر اور تبلیغات کے سلسلے میں بھی کاوشیں کیں۔ ان شخصیات کی قومی و ملی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی اور ان سے رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خانوادے کے لئے بلکہ پوری ملتِ تشیع کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی جدوجہد اور کوششوں کو آگے بڑھایا جائے۔
آپ کا تبصرہ